موجودہ دور میں جہاں ذہنی دباؤ، موبائل فون کا حد سے زیادہ استعمال، دیر تک لیپ ٹاپ یا اسکرین کے آگے بیٹھے رہنے سے سر درد، اور غیر صحت مند خوراک عام ہو گئی ہے، وہیں دماغی کمزوری ایک پریشان کن صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ یاد رکھیں، انسان کی کامیابی میں سب سے اہم کردار اس کے دماغ کا ہے، اگر دماغ تیز ہو تو آپ کی صلاحیت، فیصلہ کرنے کی طاقت، اور یادداشت مستحکم و مضبوط رہ سکتی ہے۔ آج ہم بات کریں گے دماغ کو تیز کرنے کے بہترین طریقے جو نا صرف عمل کرنے میں آسان ہیں، بلکہ سائنسی طور پر بھی مستند ہیں۔
1. صحت بخش و متوازن غذا کا استعمال
ہماری خوارک ہماری دماغی صحت پر بہت اثر انداز ہوتی ہے، اور اگر خوارک ہی ناقص ہو، تو دماغی بے چینی، کمزوری اور یادداشت کی کمی جیسے مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عقلمند لوگ اپنی خوراک کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ جدید سائنسی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو افراد اپنی روزمرہ کی غذا میں مچھلی، تازہ پھل و سبزیاں، چکن، گوشت، دودھ، دہی، انڈے، بادام اور اخروٹ استعمال کرتے ہیں، ان کی دماغی کارکردگی حیران کن حد تک بہتر ہوتی ہے، اور وہ یہ سب کچھ خود بھی محسوس کرتے ہیں۔
2. پہیلیاں، دماغی مشقیں اور نئی چیزیں سیکھیں
اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ موبائل فون میں گم ہو کر گھنٹوں ریلز، وڈیوز، اور فنی کلپس وغیرہ دیکھنے میں گزار دیتے ہیں۔ جس کا سب سے بڑا نقصان دماغ اور آنکھوں کو ہوتا ہے۔ بجائے فون استعمال کرنے کے، آپ پہیلیاں حل کریں، شطرنج یا سوڈوگو گیم کھیلیں۔ جس سے آپ کی ذہنیت میں اضافہ ہو گا اور دماغ بھی تر و تازہ محسوس کرے گا۔ اس کے علاوہ آپ ننگے پاؤں صبح سویرے گھاس پر چلیں، جس سے آپ کو دماغی سکون حاصل ہو گا۔
نئی سرگرمیاں جیسے کوئی نیا ہنر سیکھیں، مثال کے طور پر اگر آپ کسی سافٹ ویئر ہاؤس میں جاب کرتے ہیں تو کوئی نئی پروگرامنگ لینگویج سیکھ لیں، روزانہ کی بنیاد پر نیا کوڈ سیکھنا آپ کے دماغ کو متحرک کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سی دماغی مشقیں، گیمز، اور کھیل ہیں جو آپ کی دماغی صحت کو بہتر کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔
نوٹ: موبائل فون کا استعمال صرف ضرورت کے وقت ہی کریں، اور رات کو سونے سے ایک گھنٹہ پہلے موبائل فون کا استعمال ترک کر دیں۔
3. اپنی نیند کا خاص خیال رکھیں
اکثر یہ سننے میں آیا ہے کہ کتنی نیند ضروری ہے؟ تو نیند انسانی صحت کے لیے بہت ضروری ہے، یہ جسم اور دماغ کو ری چارج کرنے، مدافعتی نظام کو بہتری بنانے، اور دائمی بیماریاں جیسے دل اور ذیابطیس جیسی مہلک بیماریوں کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ عام طور پر سات سے نو گھنٹے کی نیند کرنا جسم اور دماغ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ نیند پوری نا ہونا فیصلہ سازی، یادداشت میں کمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو کم کر دیتی ہے، جس سے آپ سست ہو جاتے ہیں، اور کسی کام میں دل نہیں لگتا۔
4. ورزش کو معمول بنائیں
دماغ کو صحت مند رکھنے کے لیے ایروبک ورزشیں جیسے دوڑنا، تیراکی، یوگا، سائکلنگ، اور دیگر جسمانی سرگرمیاں کرنا بہت ضروری ہیں۔ جدید سائنسی تحقیق کے مطابق روزانہ آدھا گھنٹہ ورزش کرنا دماغی صحت اور یادداشت کو بہتربناتی ہے۔ اس کے علاوہ ناریل یا سرسوں کے تیل سے سر کی مالش آپ کے دماغ کو بہت سکون اور جلا بخشتی ہے۔
نوٹ: سر کی مالش صدیوں سے دماغی اور جسمانی سکون کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ اور یہ نا صرف ذہنی دباؤ کم کرتی ہے بلکہ دماغ کی کارکردگی پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔ اسے لازمی اپنائیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں
آپ کے خیال میں دماغ کو تیز رکھنے کا سب سے بہترین طریقہ کونسا ہے؟ نیند، خوارک، ورزش، یا دماغی مشقیں۔ اپنی قیمتی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔
